کیا گھروں میں پائی جانے والی چھپکلی خطرناک ہے؟

 عام گھریلو چھپکلی (Common House Gecko) 

عام گھریلو چھپکلی چھپکلیوں کی وہ قسم ہے جو آپ کو اکثر اپنے گھروں میں دیواروں اور چھتوں کے ساتھ چپکی ہوئی نظر آتی ہے۔ یہ آپ کے گھروں کی خاموش رہائشی ہے جو عموماً حشرات اور کیڑے مکوڑوں کا شکار کرتی ہے لیکن کبھی کبھار اس کو بولتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔ عام لوگوں کا خیال ہے کہ یہ زہریلی ہوتی ہے لیکن دراصل اس میں زہر بالکل بھی نہیں ہوتا اور نہ ہی یہ کسی انسان کو کاٹ سکتی ہے۔ البتہ اگر یہ کسی کھانے پینے کی چیز میں گر جائے تو ایسی چیز کا کھانا یا پینا مضر ہوسکتا ہے کیونکہ اس کے جسم پر خطرناک بیکٹیریا موجود ہوسکتے ہیں۔ 


عام گھریلو چھپکلی کا سائنسی نام #Hemidactylus frenatus ہے اور یہ جنوبی ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء کے بہت سے ممالک میں پائی جاتی ہے۔ یہ دن کے وقت زیادہ نظر نہیں آتی کیونکہ یہ رات کو خوراک کی تلاش کیلئے باہر نکلتی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ رات کو کیڑے مکوڑے بھی دن کی نسبت زیادہ باہر نکلتے ہیں۔ اس پر اگر کوئی شکاری جانور حملہ کرے تو یہ اپنی دم توڑ دیتی ہے جو ٹوٹ کر ناچنا شروع کر دیتی ہے جس سے شکاری کی توجہ چھپکلی سے ہٹ کر دم کی طرف ہوجاتی ہے اور یوں چھپکلی شکاری سے محفوظ رہتی ہے۔ بعد میں یہ دم دوبارہ بن جاتی ہے۔ 


عام گھریلو چھپکلی کے بارے میں کئی عجیب باتیں بھی مشہور ہیں۔ فلپائن میں اگر چھپکلی کو بولتے سنا جائے تو اسے مہمانوں کی آمد کا اشارہ سمجھا جاتا ہے۔ تھائی لینڈ میں اگر کوئی شخص گھر سے نکل رہا ہو اور چھپکلی بول جائے تو اسے برا شگون مانا جاتا ہے۔ بھارت کے کچھ علاقوں میں بھی چھپکلیوں کا بولنا اچھا شگون نہیں مانا جاتا۔ بھارت میں ہی اگر چھپکلی کسی شخص کے دائیں کندھے پر گر جائے تو اسے اچھا شگون سمجھا جاتا ہے اور اگر یہ بائیں کندھے پر گر جائے تو اسے برا شگون مانا جاتا ہے۔ ان تمام اچھے اور برے شگونوں کو اگر ایک طرف رکھ دیا جائے تو بھی دنیا کے تقریباً ہر کونے میں موجود بہت سی خواتین چھپکلیوں سے ڈرتی ہیں اور بہت سے مرد حضرات چھپکلیوں کو مار کر یا بھگا کر تمغہ جرات حاصل کرتے ہیں۔ 

Previous Post Next Post